|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2025

جامعہ بلوچستان کے ڈیپارٹمنٹ آف ایسٹرن میڈیسن میں قرشی نیچرل کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس اہم موقع پر قرشی فاؤنڈیشن کے سی ای او، جناب عادل سعید میر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، جن کے ہمراہ معالج حکیم پروفیسر عبد الکریم ناصربھی موجود تھے۔

جامعہ بلوچستان کی جانب سے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار طارق جوگیزئی، ڈی جی ایڈمن گل محمد کاکڑ، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل، فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ایوب کاکڑ، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر توفیق احمد ڈاکٹر قیصر اقبال ڈین ڈاکٹر زینب بی بی. محمد صادق سمالانی تعلقات عامہ آفیسراور فیکلٹی ممبران نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں جامعہ کے افسران و اساتذہ نے کلینک کی خدمات کے بارے میں بریفنگ حاصل کی، اور قرشی نیچرل کلینک کی جانب سے موجودہ اور سابقہ طلبہ، فیکلٹی و عملے کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر مہمانوں نے کلینک کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات سے استفادہ بھی کیا.جہاں ان کا بلڈ پریشر اور دیگر بنیادی معائنے کیے گئے۔تقریب سے خطاب میں پرو وائس چانسلر نے قرشی فاؤنڈیشن کی صحت کے شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کلینک مشرقی طب اور قدرتی علاج کی افادیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبہ کو تحقیق، عملی تجربے اور خدمتِ خلق کے مواقع حاصل ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ قرشی فاؤنڈیشن کی جانب سے جامعہ کے ساتھ مستقبل میں مزید تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

یہ کلینک مشرقی طب کو فروغ دینے، قدرتی علاج کی اہمیت اجاگر کرنے، اور عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔