بلوچستان کے ہر طالبعلم اور علمی طبقات کے لئے بیوٹمز کےدرس و تحقیق اور عملی وسائل کے دروازے کھول رہےہیں۔ تاکہ بلوچستان کا کوئی بھی طالبعلم علمی روشنیوں سے محروم نا رہے، بیوٹمز صرف ان طلباء کے لئے مختص نہیں جو یہاں زیر تعلیم ہیں بلکہ اس جامعہ پر ہر اس فرد کا حق ہے جو علم و قلم دوست ہے، ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے جامعہ میں منعقدہ “اوپن ڈے” کے عنوان سے بلوچستان بھر کے کالجز کے طلباء کے لئے خصوصی ایونٹ کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں علمی طلب اور حصول علم کے لئے جستجو و محبت پیدا کرناجامعات کا فریضہ ہے آج سکول و کالج کے طلباء کادورہ بیوٹمز پرخوشی اور جذبہ قابل دید ہے اسی جوش و جذبے سے طلباء اعلی تعلیم کے حصول کے لئے ان جامعات کی رونق اور شان بڑھائیں گے۔
بیوٹمزمیں منعقدہ “اوپن ڈے” کے عنوان سے بلوچستان کے کالجز کے طلباء کے لئے خصوصی ایونٹ میں بلوچستان بھر سے 18 سے زائد کالجز کے 2000 طلباو طالبات نے شرکت کی جس میں بیوٹمز کی تدریسی سہولیات، شعبہ جات اور اساتذہ کے ساتھ ملاقاتیں شامل تھیں، کالجز کے طلباء اور اساتذہ بیوٹمز کے ماحول میں گھل مل گئے اور بیوٹمز کے تعلیمی منظر سے خوب محظوظ ہوئے۔ بیوٹمز کی مختلف فیکلٹیزکی جانب سے طلباء کی رہنمائی کے لئے آگاہی اسٹالز اور سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔ جس سے مستقبل قریب میں جامعات میں داخلہ لینے والے طلباء کو بہترین رہنمائی میسر آئی۔ وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ نے ڈاکٹر نعیم شاہوانی اور ان کی ٹیم کو بہترین ایونٹ کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد سے بیوٹمز اور کالجز کے درمیان مضبوط تعلیمی ربط قائم ہوگا اور کاجز کے طلباء کے لئے بیوٹمز کی جدید درسی سہولیات، لائیبریرز، کھیل کے میدان اور اساتذہ کی قابلیت ہر لمحہ دستیاب ہے یہ جامعہ بلوچستان کے ہر طالبعلم کا اثاثہ ہے