|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2025

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ شاہزیب کاکڑنے کہا ہے کہ کوئٹہ کو کافی عرصے بعد اہمیت ملی ہے،کوئٹہ پیکج اورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اہم منصوبوں پرکام ہورہا ہے صفا کوئٹہ منصوبے سے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،

صفا کوئٹہ منصوبے کے دوسرے فیز میں اب گھروں سے کچرا اٹھایا جائیگا ۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے پروگرام حال احوال میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو فعال کررہے ہیں،

شہرمیں پرانی پبلک ٹرانسپورٹ کونئی ٹرانسپورٹ سے تبدیل کررہے ہیں،گرین بسوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے کوئٹہ میں قائم ڈیری فارمز کو شہر سے باہر منتقل کررہے ہیں،شاہزیب کاکڑ کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی قلت کامسئلہ سنگین ہے، لیکن شہری سبزیوں کی کاشت اور کار واش کرنے میں پانچ کروڑگیلن صاف پانی ضائع کردیتے ہیں غیر قانونی ٹیوب ویلز کی تنصیب کی روک تھا م کیلئے ایک جامع پلان پر کام کررہے ہیں جو جلد وزیر اعلی بلوچستان کو پیش کیا جائے گا ۔

کمشنر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں منشیات کے عادی کے علاج کی گنجائش نہیں ہے اس لئے کوئٹہ میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کیلئے نجی اداروں سے ایم او یو کررہے ہیں ،جس کے بعد سٹی نالہ سمیت دیگر مقامات پر منشیات کے عادی افرادکو پکڑیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ اسمارٹ سٹی منصوبے میں ہم بہت ساری سروسز آن لائن کررہے ہیں،،تاکہ لوگ گھر میں بیٹھے بیٹھے اہم سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں گے ۔