کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے سپیزنڈ میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس چوتھے روز بھی معطل رہی ہے،
متاثرہ ٹریک اور پل کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے ۔
ریلوے حکام کے مطابق سپیزنڈ کے قریب دھماکے میں ریلوے ٹریک کا 300 فٹ سے زائد حصہ بری طرح متاثر ہوا جبکہ ایک بوگی الٹنے اور چار سے پانچ بوگیوں کے پٹری سے اترنے کے باعث ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام سے متاثرہ بوگیوں کو ہٹا دیا گیا ہے اور ریلوے عملہ دن رات مرمتی کام میں مصروف ہے۔ مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹریک کو بحال کر کے جعفر ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع کی جائے گی۔