کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) مشرقی آف شور انڈس بلاک-سی کے فارم آؤٹ (کاروباری شراکت میں شمولیت) کے عمل کے اہم سنگ ِ میل کو عبور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہے۔
ترکی کی قومی تیل کمپنی Türkiye Petrolleri Anonim Ortakl (TPAO) کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی Turkish Petroleum Overseas Company (TPOC)کے ساتھ ایک ترجیحی شراکت داری کا آغازہوا۔
یہ شراکت داری پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی حکومتی روابط کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کی آف شور تیل و گیس تلاش کی سرگرمیوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو بڑھانا ہے۔
اس ترجیحی معاہدے کے تحت، پی پی ایل نے بلاک کی آپریٹر شپ TPOC کو منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو کہ متعلقہ قانونی منظوریوں سے مشروط ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں وسیع ترین حکومتی حکمت ِ عملی کے تحت آف شوردریافتی سرگرمیوںکے عمل میں بین الاقوامی معیار اور مہارت کو شامل کرنا ہے۔
علاوہ ازیں، پی پی ایل نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) اور ماری انرجیز لمیٹڈ (ماری انرجیز) کو بھی فارم آؤٹ کے عمل میں شامل کیا۔ دونوں کمپنیوں نے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں پی پی ایل، TPOC، OGDCL، اور ماری انرجیز کے مابین باہمی شراکت داری قائم ہوئی۔ معاہدے کے تحت TPOC کو 25 فیصدکاروباری شراکت(PI) اور آپریٹر شپ دی جائے گی۔ OGDCL اور ماری انرجیز کو بالترتیب 20، 20 فیصدکاروباری شراکت تفویض کی جائے گی۔ پی پی ایل 35 فیصدکاروباری شراکت کے ساتھ اس بلاک کی سرگرمیوں میںاہم کردار ادا کرے گی۔
یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کے آف شور وسائل کی پیداوار میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرپا توانائی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب بھی ایک نمایاں قدم ہے۔