کوئٹہ: بلوچستان میں آبی وسائل کو محفوظ بنانے اور زرعی ترقی کے منصوبے نولنگ ڈیم پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اجلاس میں بتایا گیا کہ نولنگ ڈیم منصوبے پر دو ارب پندرہ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جبکہ منصوبے پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے 54 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور 4.8 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی، جس سے علاقے میں زراعت اور توانائی کے شعبوں کو نمایاں فائدہ پہنچے گا وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبی منصوبے صوبے کے زرعی مستقبل کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کے مثر استعمال اور ذخیرے کے لیے جدید حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم اور پیداوار کو بڑھایا جا سکے انہوں نے کہا کہ نولنگ ڈیم جیسے منصوبے کسانوں کی خوشحالی اور معاشی استحکام کی علامت ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف زرعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے وزیر اعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کا فوکس قابلِ استعمال پانی میں اضافہ، زراعت کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور ماحولیاتی توازن کے فروغ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کے منصوبے دیہی معیشت کے استحکام میں سنگِ میل ثابت ہوں گے اور بلوچستان کے عوام کے لیے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھیں گے اجلاس میں صوبائی وزیر نوابزادہ میر طارق خان مگسی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم سیکرٹری آبپاشی سلیم الرحمن بلوچ سمیت اعلی حکام شریک ہوئے۔