کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وطنِ عزیز کے بہادر سپوتوں نے جس دلیری اور قربانی کے جذبے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا،
وہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزمِ ایمان کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کیپٹن نعمان سلیم اور ان کے پانچ ہمراہی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن اور استحکام کے دشمن ہیں، مگر قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام اور حکومت مکمل طور پر پاک فوج، ایف سی، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ‘‘عزمِ استحکام’’ کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔