|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2025

بلوچستان میں گڈ گورننس کیلئے محکموں کی کارکردگی انتہائی ضروری ہے، ترقیاتی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،بنیادی سہولیات سمیت روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جائیں۔

بلوچستان کے محاصل اور وسائل کا صحیح استعمال ترجیح ہونی چاہئے تاکہ بلوچستان مسائل سے نکلے، عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے جس کیلئے محکموں کے سیکرٹریز کی سنجیدگی ،دیانتداری ضروری ہے جبکہ محکموں کے اندر کرپشن، اقرباء پروری سمیت کسی دباؤ کو قبول نہ کیا جائے۔

بلوچستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے بیرونی سرمایہ کاری اور حکومت و پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے مختلف منصوبے چل رہے ہیں جس کے مثبت نتائج کیلئے صوبائی حکومت کو ذاتی دلچسپی لینی ہوگی۔ گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محکموں کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ 38 محکموں کی کارکردگی کا جائزہ 644 مختلف پیمانوں پر کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست رہا، محکمہ خزانہ دوسرے جبکہ محکمہ اربن پلاننگ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ تیسرے نمبر پر آیا، محکمہ قانون چوتھے اور محکمہ زراعت پانچویں نمبر پر رہا۔ کارکردگی کے اعتبار سے کمزور محکموں میں محکمہ لوکل گورنمنٹ پہلے، ویمن ڈویلپمنٹ دوسرے اور بین الصوبائی رابطہ تیسرے نمبر پر قرار پائے، لیبر اینڈ مین پاور چوتھے جبکہ سی ایم آئی ٹی پانچویں نمبر پر شامل رہے ۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے محکموں کے سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کمزور کارکردگی والے محکموں کے سیکرٹریز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔وزیرِ اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کے ذریعے عوامی مسائل بتدریج کم کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کے لیے تندہی، دیانت داری اور تسلسل کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے سروس ڈلیوری، فیصلہ سازی اور انتظامی امور میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔ صوبے کے مسائل کوئی باہر سے حل نہیں کرے گا، ہمیں خود ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھا کر عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوامی اعتماد کو مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی صرف اچھی حکمرانی اور پالیسیوں کے مؤثر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔

بہرحال بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں گڈ گورننس کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان مسائل سمیت ترقیاتی منصوبوں میں بہتر نتائج کیلئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ خوش آئند عمل ہے۔

بلوچستان ملک کا اہم ترین صوبہ ہے جہاں وسائل بہت زیادہ ہیں جن کے صحیح استعمال اور بہترین فیصلوں، اچھی طرز حکمرانی سے خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔ امید ہے کہ صوبے کے تمام محکمے خوش اسلوبی اور ایمانداری کے ساتھ فرائض سر انجام دینگے تاکہ بلوچستان میں ترقی و خوشحالی ممکن ہوسکے۔