گوادر یونیورسٹی کا دسواں اکیڈمک کونسل اجلاس پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ اسلم، ڈاکٹر عبداللہ (اسسٹنٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری)، مجاہد حسین (لیکچرار، ڈیپارٹمنٹ آف کامرس)، شیہک علی (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس)، فاروق حیدر (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف انگلش)، لائبریرین غلام سرور، اور ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد ارشاد نے شرکت کی۔
مزید برآں جن معزز اراکین نے آن لائن شرکت کی، ان میں جناب ارشاد آحمد، انڈر سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت بلوچستان اور ڈاکٹر فریدہ انجم، ڈائریکٹر نصابیات، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اسلام آباد شامل تھیں۔
اجلاس کا آغاز نویں اکیڈمک کونسل اجلاس کی کارروائی کی توثیق اور منظوری سے ہوا، جس کے بعد پچھلے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔ کونسل نے متعدد اہم تعلیمی امور پر غور کیا اور کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی، جن میں ایچ ای سی کے احکامات کے مطابق انڈرگریجویٹ ڈگریوں کے لیے لازمی پروفیشنل سرٹیفکیشن اور انٹرن شپ پروگرامز کا نفاذ ، ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کی چوتھی بورڈ آف اسٹڈیز کی کارروائی کی منظوری، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہراسگی کے خلاف 2025 کی نظرِ ثانی شدہ پالیسی کا نفاذ، یونیورسٹی آف گوادر میں ساحلی امور اور سے متعلق ریسرچ سینٹر کا قیام، ہوپ سرٹیفکیٹس پر داخلوں کی پالیسی کی تشکیل اور خصوصی امتحانات، ریپیٹ پیپرز اور امپروومنٹ آف مارکس کے لیے فیس ڈھانچے کی منظوری، اور پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی تیسری بورڈ آف اسٹڈیز کے سفارشات کی منظوری شامل ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ “گوادر، جو ملک کا ایک انتہائی اسٹریٹجک ساحلی شہر ہے، میں قائم یونیورسٹی آف گوادر تیزی سے تعلیم اور تحقیق کا مرکز بن رہی ہے۔” انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی اور ادارہ جاتی بہتری میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومت بلوچستان، اور اساتذہ کے فعال کردار کو سراہا۔
وائس چانسلر نے اس امر پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں کو قومی ترقیاتی اہداف اور علاقائی ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ معیاری تعلیم، تحقیقی جدت اور سماجی شمولیت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کا اختتام چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہوا، جہاں اراکین نے وائس چانسلر کی بصیرت افروز قیادت اور یونیورسٹی آف گوادر کی تعلیمی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا۔