اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شریک تھے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے امور زیرِ غور آئے۔ گورنر بلوچستان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی۔
وفد نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ بلوچستان دل کے قریب ہے،
بلوچستان کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے- انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے- وفد نے ملک کے وفاقی اور صوبائی جمہوری اداروں کے مابین روابط کو فروغ دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا۔
وفد نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و ترقی کو قومی ترجیح قرار دیا۔ ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔
دریں اثناء اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بلوچستان عوامی پارٹی کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت بی اے پی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر نوابزادہ خالد خان مگسی نے کی، جبکہ وفد میں سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، سینیٹر عبدالقادر، مرکزی نائب صدر و سابق سینیٹر نصیب اللہ بازئی، مرکزی صدر اقلیتی ونگ سینیٹر دھنیش کمار، جنرل سیکرٹری بلوچستان مٹھا خان کاکڑ سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔بی اے پی وفد نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔
وفد نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر بھی اسپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے، صوبے کے مسائل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے اور حکومت صوبے کی عوامی فلاح و ترقی کو قومی ترجیحات میں نمایاں مقام دیتی ہے۔