|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2025

کوئٹہ :صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے شہید سکندر زہری یونیورسٹی خضدار کا  دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے

تاکہ یونیورسٹی میں بروقت تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ممکن بنایا جا سکے پراجیکٹ انجینئر نے صوبائی مشیر کو مرکزی عمارت، زیرِ تعمیر بلاکس، بنیادی سہولیات اور مجموعی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ شہید سکندر زہری یونیورسٹی کا قیام چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی تعلیم دوستی اور نوجوانوں سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فنکشنل ہونے سے بلوچستان میں تعلیمی انقلاب آئے گا اور ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار اور تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ایکٹ کی منظوری کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں اور نوجوانوں کو جلد خوشخبری ملے گی دورے کے دوران ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری، سردارزادہ میر ظفر اللہ خان ساسولی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی زہری میر فیصل رحیم زہری، سردارزادہ میر عبدالقیوم ساسولی، وڈیرہ ارباب علی زہری، عبداللہ آزاد زہری، خان محمد زہری اور عبدالمالک باجوئی بھی مشیر بلدیات کے ہمراہ تھے۔