کوئٹہ : جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ قائدِ بلوچستان میر شفیق الرحمٰن مینگل نے یومِ قائد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک عظیم نظریاتی وفکری قائد تھے
جنہوں نے پاکستان کو مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست کے تصور پر قائم کرنے کا خواب دیکھا اور اس کے لیے عملی، آئینی اور جمہوری جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا تصورِ پاکستان ریاستِ مدینہ کے اس سنہری ماڈل سے جڑا ہوا تھا جہاں انصاف، مساوات، مذہبی رواداری، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور قانون کی بالادستی بنیادی اصول تھے۔ قائداعظم چاہتے تھے
کہ پاکستان ایک ایسی فلاحی ریاست ہو جہاں کمزور طبقات کو تحفظ، مظلوم کو انصاف اور ہر شہری کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔
میر شفیق الرحمٰن مینگل نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی پوری زندگی ذاتی آسائشوں کو قربان کر کے ملتِ اسلامیہ برصغیر کو آزادی دلانے کی جدوجہد کی اور ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھی جو اسلامی اقدار، جمہوری روایات اور آئینی اصولوں پر استوار ہو۔ ان کی جدوجہد ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ریاست کی اصل طاقت انصاف، دیانت اور عوامی اعتماد میں مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو جن سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا حل قائداعظم کے نظریاتی وڑن اور ریاستِ مدینہ کے فلاحی اصولوں میں موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قائداعظم کی فکر کو محض تقاریر اور نعروں تک محدود نہ رکھیں
بلکہ اسے عملی پالیسیوں، حکمرانی اور عوامی خدمت کے نظام میں نافذ کریں۔میر شفیق الرحمٰن مینگل نے کہا کہ یومِ قائد ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو قائداعظم کے نظریے، اسلامی فلاحی ریاست اور ریاستِ مدینہ کے اصولوں کے مطابق ایک منصفانہ، خودمختار اور باوقار ملک بنانے کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔