کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرسے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی، سی ای او قائم لاشاری نے اسلام آباد سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور بی ایف سی کے حکام نے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا، بلال خان کاکڑنے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا قیام صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے فعال ہونے سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔ اجلاس میں جاری منصوبوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، بلال خان کاکڑ نے کام کی رفتار تیز کرنے اور مقررہ اہداف بروقت حاصل کرنے پر زور دیا۔
سی ای او قائم لاشاری نے اسلام آباد کے حالیہ دورے اور فیڈرل بی ایف سی کے حکام سے ملاقاتوں اور تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا ئیگا تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات میسر آ سکیں۔ اسلام آباد اور کوئٹہ میں قائم اداروں کے درمیان قریبی رابطہ قائم رکھا جا رہا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔