|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کےساتھ حالت جنگ میں نہیں، ساتھ یہ بھی واضح کردیا کہ وینزویلا میں اگلے 30 دن کے دوران نئےالیکشن نہیں ہوں گے۔

امریکی میڈیاکو انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ کاکہناتھاکہ ہم وہاں فوری طور  پر انتخابات نہیں کراسکتے کیونکہ  اس وقت عوام کے لیے ووٹ ڈالنا بھی ممکن نہیں، ہمیں پہلے ملک کو دوبارہ سنبھالنا ہوگا اور اس میں وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کو دوبارہ وینزویلا بھیجنےکےلیے قانون سازی کی ضرورت نہیں ،  وینزویلا کے توانائی کے شعبے کی بحالی کے لیے تیل کمپنیوں کی مدد کریں گے جس پر بھاری سرمایہ کاری درکار ہوگی اس قسم کے پروجیکٹ کےلیے18 ماہ سے کم وقت لگ سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے بتایاکہ امریکا وینزویلا میں طویل المدتی بنیادوں پر کردار  ادا کرے گا اور مستقبل کے اقدامات مرحلہ وار کیے جائیں گے۔

ٹرمپ کاکہنا تھا ہم وینزویلا کے ساتھ جنگ میں نہیں ہیں، ہم منشیات فروشوں کے خلاف جنگ میں ہیں، ان لوگوں کے خلاف جو اپنے قیدیوں، منشیات کے عادی افراد اور  ذہنی مریضوں کو ہمارے ملک میں بھیجتے ہیں۔

انٹرویو میں ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے وینزویلا سے متعلق معاملات کی نگرانی کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سمیت دیگر  شامل ہیں۔