|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2026

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں ‘آپریشن ردّ الفتنہ 1’ کی کامیاب تکمیل پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ‘فتنہ الہندستان’ کی جانب سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر دلی خوشی ہے کہ انٹیلی جنس پر مبنی مربوط کارروائیوں کے ذریعے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت اور ان کی تنظیمی صلاحیت کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ صدرِ مملکت نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد کھڑی ہے۔