|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2026

کوئٹہ : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے شیخانو علاقائی دفتر کی افتتاحی تقریب نہایت باوقار، پرجوش اور عوامی ماحول میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی آفس سیکرٹری ندا محمد سنگر، مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی عطا محمد، عبدالعلی خان اچکزئی، علاقائی سیکرٹری جمعہ خان بریچہ، علاقائی سیکرٹری ملک جانزیب خان کاکڑ، جبار مندوخیل، حاجی محب اللہ، حاجی محمد یوسف، حافظ شبیر سمیت پارٹی کارکنان، قبائلی عمائدین اور مختلف یونٹس کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پارٹی رہنماں نے دفتر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر کارکنان نے پارٹی قیادت کا پرتپاک استقبال کیا اور پارٹی پرچموں اور نعروں کے ذریعے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ پارٹی دفاتر محض عمارتیں نہیں بلکہ عوامی خدمت کے مراکز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک فعال دفتر ہی تنظیم کی مضبوطی اور عوامی رابطے کا بنیادی ذریعہ بنتا ہے۔

انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ دفتر کو عوام کے لیے ہر وقت کھلا رکھیں اور یہاں آنے والے افراد کے مسائل کو سنجیدگی سے سن کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ صوبائی آفس سیکرٹری ندا محمد سنگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخانو کا علاقائی دفتر تنظیمی استحکام، سیاسی شعور کی بیداری اور نوجوان نسل کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جدوجہد کا مقصد پشتون قوم کے حقوق کا تحفظ، وسائل پر اختیار اور آئینی و جمہوری حقوق کا حصول ہے، اور اس مقصد کے لیے نچلی سطح پر مضبوط تنظیم ناگزیر ہے۔

دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی قومی، جمہوری اور آئینی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شیخانو کا علاقائی دفتر علاقے میں سیاسی سرگرمیوں، تنظیمی اجلاسوں، تربیتی نشستوں اور عوامی رابطہ مہم کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ابتدائی اور علاقائی یونٹس کو مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا

تاکہ پارٹی کا پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔ تقریب کے اختتام پر پارٹی قیادت اور کارکنان نے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ عوام کے حقوق کے دفاع، قومی وحدت کے فروغ اور جمہوری سیاسی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔ شرکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ شیخانو کا علاقائی دفتر علاقے میں مثبت سیاسی سرگرمیوں کا مضبوط مرکز ثابت ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *