بارکھان: صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان سردار عبدالرحمن خان کھیتران نے کہا ہے کہ بارکھان کی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کر رہی ہے
خواتین کا تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ہنر مند ہونا ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضمانت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارکھان میں ایم بیسی پیپلز ری پبلک آف چائنا کے تعاون سے خواتین کے لیے کچن گارڈننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کچن گارڈننگ نہ صرف گھریلو سطح پر غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ خواتین کو معاشی استحکام کی جانب بھی گامزن کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں غذائی خودکفالت وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس طرح کیمنصوبے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے دوران صوبائی وزیر کے خصوصی تعاون اور سردارزادہ اورنگزیب کھیتران کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کے تحت علاقے کی خواتین میں 200 کچن گارڈننگ کٹس تقسیم کی گئیں۔
ان کٹس میں مختلف اقسام کے معیاری سبزیوں کے بیج اور ضروری زرعی اوزار شامل تھے تاکہ خواتین اپنے گھروں میں باقاعدہ سبزیوں کی کاشت کا آغاز کر سکیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بارکھان میں خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے ایسے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ انہیں معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔
Leave a Reply