|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2026

کوئٹہ:  بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)کے صدر و وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابزادہ میر خالد مگسی سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری برائے اقلیتی امور راجہ رمیش لال نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پارٹی امور، تنظیمی صورتحال اور اقلیتی برادری سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نوابزادہ میر خالد مگسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی نمائندہ جماعت ہے جو بلا امتیاز عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باپ کی سیاست کا محور عوامی خدمت، رواداری اور باہمی ہم آہنگی کا فروغ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں سیاسی استحکام، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہے، جبکہ پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران تنظیمی استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر راجہ رمیش لال نے پارٹی صدر کو اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا اور کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اقلیتوں کو سیاسی و سماجی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے پارٹی قیادت کی پالیسیوں اور وژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باپ کی قیادت میں صوبے میں ہم آہنگی، ترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ملاقات کے اختتام پر باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے، تنظیمی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *