|

وقتِ اشاعت :   5 days پہلے

گوادر: ایران میں کشیدہ صورتحال کے باعث وہاں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی وطن واپسی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ایران میں زیرِتعلیم پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد نے گوادر کے گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے پاکستان کا رخ کیا۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے مطابق آج مختلف ایرانی جامعات کے 58 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 104 پاکستانی شہری سرحد عبور کرکے بحفاظت وطن پہنچ گئے۔ واپس آنے والوں میں زنجبار میڈیکل یونیورسٹی، المصطفیٰ یونیورسٹی، ارزمگان میڈیکل سائنسز اور کرمان یونیورسٹی کے طلبہ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سرحد عبور کرکے وطن واپس آنے والوں میں 63 طلبہ سمیت مجموعی تعداد 155 ہو چکی ہے۔ گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے آنے والوں میں طلبہ کے علاوہ بزنس مین، زائرین اور سیاح بھی شامل ہیں، جبکہ ایک غیر ملکی کروشین باشندہ بھی پاکستان پہنچنے والوں میں شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق وطن واپس آنے والے شہریوں کا ضلعی انتظامیہ، ایف آئی اے، ایف سی اور پولیس کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو کھانے، رہائش اور آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

نقیب اللہ کاکڑ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں جبکہ گبد ریمدان بارڈر پر انتظامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *