|

وقتِ اشاعت :   4 days پہلے

ملک میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود مہنگائی میں کوئی خاص کمی نہیں آئی، ہفتہ وار مہنگائی میں 0.69 فیصد کمی ریکارڈ کا بتایا گیا ہے جس میں مجموعی سالانہ شرح 12.16 فیصد پر رپورٹ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ڈیزل 25.77 فیصد اور پیٹرول 3.10 فیصد سستا ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی 4.15 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1 ہفتے کے دوران چکن 10.07 فیصد اور پیاز 6.63 فیصد سستی ہوئی جبکہ آٹا، کیلے اور آلو سمیت کئی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب بعض اشیاء مہنگی بھی ہوئیں، جن میں ٹماٹر 6.27 فیصد اور بریڈ 3.27 فیصد مہنگی ہوئی۔
اسی طرح انڈے 2.09 فیصد اور تازہ دودھ 1.15 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دہی، گھی اور مٹن سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں مجموعی کمی کے باوجود 1 ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 17 اشیاء سستی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
بہرحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اشیاء خورد و نوش سمیت دیگر چیزوں کی قیمتوں میں واضح کمی ہوجانی چاہئے تھی کیونکہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں تو ہر چیز کی قیمت دگنی کردی جاتی ہے کرایوں میں بھی بڑا اضافہ کیا جاتا ہے لیکن پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیںکم ہونے پر چیزیں سستی نہیں کی جاتیں۔
حکومت کی جانب سے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ،موجودہ مہنگائی کی لہر سے عوام حکومت سے نالاں ہیں جو کہ حکومت کیلئے نیک شگون نہیں۔
حکومت عوام میں اپنا مثبت امیج بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں مزید کمی کرے اور مارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے۔
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرے ،ضلعی انتظامیہ کو پابند کرے کہ وہ مارکیٹوں میں سرکاری نرخنامہ لگائے اور قیمتوں پر نظر رکھے، گرانفروشوں اور مافیاز کے خلاف سخت ایکشن لے تاکہ عوام کو سستے داموں اشیاء کی خریداری ممکن ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *