|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ/پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کررہی ہے ،پارٹی کی بلوچستان میں مخلوط صوبائی حکومت نے پہلی دفعہ یوتھ پالیسی بنائی ہے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس سے صوبے کے نوجوانوں مین پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ہزارہ ٹاؤن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

 

ملاقات کے دوران صوبے میں پیپلزپارٹی کو فعال بنانے ،کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔انجنیئر ہادی عسکری اور وفد نے رکن قومی اسمبلی کو ہزارہ ٹاؤن کے عوا م کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میرجمال خان رئیسانی نے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریگی عوام پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

 

دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک ،بلدیاتی الیکشن سیل کے سربراہ و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑنے جمعرات کو ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما حاجی خان محمدبڑیچ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اختر بلوچ، شاہ جہان گجر، میر یوسف بنگلزئی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سیاسی و پارٹی امور سمیت کوئٹہ میں ہونے والے آئندہ بلدیاتی انتخابات اور نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران پارٹی کو مزید فعال اور منظم بنانے، عوامی مسائل کے حل اور بلدیاتی سطح پر بہتر کارکردگی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *