|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ:  چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ سرکاری آفیسران اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھیں اور عوامی مسائل کے حل اور ان کی خدمت کو اولین ترجیح دیں، سرکاری آفیسران کا بنیادی فرض عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

افسران اپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری سے نبھائیں تاکہ عوام کے مسائل بروقت حل ہوں اور حکومت پر عوامی اعتماد مستحکم رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں بی ایس ڈی آئی کے ترقیاتی منصوبوں، آؤٹ آف سکول بچوں کی داخلہ مہم، عوام کے معیارِ زندگی کی بہتری، منصوبوں کی نگرانی، غیر قانونی تارکینِ وطن کی واپسی سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ذاہد سلیم، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے آؤٹ آف سکول بچوں کی داخلہ مہم کو کامیاب بنانے پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے رواں سال 2 لاکھ 81 ہزار بچوں کا داخلہ کروایا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ بی ایس ڈی آئی کے 70 فیصد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

انہوں نے فنڈز کی بروقت ادائیگی کی ہدایت بھی دی۔

چیف سیکرٹری نے پوست کی کاشت تلف کرنے کے عمل کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ صوبے کو اس لعنت سے نجات مل سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 95 فیصد سے زائد اراضی کی پوست کی کاشت تلف ہو چکی ہے اور باقی ماندہ کو بھی جلد ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش ہر حال میں دستیاب ہوں اور مہنگائی روکنے کے لیے سخت نگرانی کی جائے۔

کھلی کچہریوں میں درج تمام شکایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، خاص طور پر پینے کے پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔ بی ایس ڈی آئی سکیموں میں ان مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *