کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میرجان محمد بلیدی اور کوئٹہ کے آرگنائزر خیر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ اصولی جمہوری عوامی موقف رکھتے ہوئے بلوچستان کے حقوق کوتحفظ فراہم کرنے ،عملی اقدامات اور اس کیلئے جدوجہد کی اور ہمیشہ جمہوریت ،پارلیمنٹ اور قانون کی بالادستی ،سیاسی اقدار و جمہوری کلچر کو گروہی،تعصبی سوچ اور رویوں پر مقدم رکھا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز کلی شابو میں شہید مہران لانگو کے چہلم کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وحدت بلوچستان کے فنانس سیکرٹری حاجی موسیٰ خلجی ،ریسرچ اینڈ ایڈووکیسی سیکرٹری علی احمد لانگو،عثمان لانگو،آغا داود شاہ ،عمران بلیدی ،آغا ربنواز شاہ ،حاجی منیراحمد،حاجی ظریف لانگو سمیت دیگر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ شہید مہران لانگو نے کوئٹہ میں پارٹی کو فعال اور منظم کرنے میں اہم کردارادا کیا اورانکی شہادت سے پارٹی ایک اہم سیاسی ورکر سے محروم ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان مزید قبائلی تنازعات و تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا شہید مہران لانگوانہی تنازعات کی بدولت ہم سے جدا ہوگئے اس لئے انکا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ سیاست سنجیدگی اور بالیدگی کے ساتھ کی سنجیدگی اور وسیع سیاسی نظریے کی بدولت ملک و صوبے میں موجود سیاسی بحرانوں ،سیاسی تعصب ،نفرت ،تشدد ،قبائلی تنازعات ،ریاستی حکمرانوں کے غیر جمہوری رویوں اور پالیسیوں ہر قسم کی دہشت گردی کو جمہوریت اور عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے انکے خلاف عملی جدوجہد کی ۔انہوں نے کہا کہ عقلمندی کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں کو ملکی مسائل اور مشکلات و اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی سلامتی ،عوامی حقوق کی بحالی کیلئے اکٹھے جدوجہد کرنے پر مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے ۔مقررین نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے اصولی موقف کی بدولت بہت سے غیر جمہوری اور غیر عوامی قوتوں نے نیشنل پارٹی کی جدوجہد کو اپنے لئے خطرہ اور رکاوٹ محسوس کرتے ہوئے نیشنل پارٹی پر بلاجواز تنقید کرتے ہوئے قیادت اور کارکنوں کو ٹارگٹ کیالیکن نیشنل پارٹی ان غیرسیاسی اور غیر عوامی عزائم کو عظیم تر قومی مفاد کے سامنے غیراہم قرار دیتی ہے ۔