کوئٹہ : صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں سرگرم عمل راہزنوں اور ڈاکوؤں کا گروپ عوام کیلئے وبال جان بن گیا ،عید سے لیکر اب تک ایک ہفتے کے دوران متعدد وارداتوں میں اہلیان علاقہ اور دیگر سے لاکھوں روپے کی نقدی ،موٹرسائیکلیں اور موبائل فون سمیت دیگر اشیاء چھینی جاچکی ہے ،علاقہ مکینوں کے مطابق عید سے چند روز قبل سے علاقے میں شروع ہونیوالی چوری ،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے باعث اب تک درجن سے زائد افراد موٹرسائیکلوں،نقدی ،موبائل فونز اور دیگر سے محروم ہوچکے ہیں مگر ستم بالائے ستم یہ ہے کہ اب تک علاقے میں سرگرم عمل جرائم پیشہ افراد کے گروپ کے کسی بھی فرد کو پولیس گرفتاری نہیں کرسکی ہے ،ہر روز سرے شام علاقے میں وارداتوں کاسلسلہ شروع ہوجاتاہے گزشتہ روز بھی تین افراد کو نقدی ،موبائل فونز اوردیگرقیمتی سامان سے محروم کردیاگیاہے جن میں سے ایک شخص کا دعویٰ ہے کہ اس سے راہزنوں نے گن پوائنٹ پر80ہزار روپے اوردیگراشیاء چھین لئے جبکہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی کو بھی لوٹ لیاگیا تھاتاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے اہلیان علاقہ نے آئی جی پولیس اور دیگر سے مطالبہ کیاہے کہ وہ علاقے میں جاری ڈکیتی ،چوری اور راہزنی کے وارداتوں کانوٹس لیکر ملوث عناصر کو گرفتار کرنے اور غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کے احکامات دیں تاکہ عوام کی جان ومال عدم تحفظ کاشکار نہ ہو۔