کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں تمام صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا میں بجلی کے بدترین لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی وبیشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ 20روز سے بجلی کے بحران کے باعث جنوبی پشتونخوا کے اکثر علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے زمینداروں کو سنگین صورتحال میں مبتلا کرکے زراعت کو تباہی وبربادی کے آخری کنارے تک پہنچا دیا گیا ہے کیونکہ کیسکو کے متعصب چیف اور معتصب آپریشن ڈائریکٹر کے عوام دشمن بالخصوص پشتون دشمن رویہ کی وجہ سے جنوبی پشتونخوا کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں شعوری اضافہ کرکے مخصوص علاقوں کو نوازا گیا ہے اور اس بات کوثابت بھی کرسکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے اکثریت علاقوں کو پہلے 5گھنٹے اور بحران میں صرف 2گھنٹے بجلی دیکر زراعت کی بربادی کی نئی بنیاد رکھ دی گئی جبکہ دوسرے علاقوں کو پہلے سے 8سے 18گھنٹے بجلی دیکر ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔ جبکہ چمن،گلستان ، قلعہ عبداللہ ،حرمزئی ، علیزئی ، پشین ، یارو ، خانوزئی، مسلم باغ ، قلعہ سیف اللہ ، مسافر پور ، ژوب سمیت دوسرے علاقوں کے گرڈ سٹیشنوں اور ان علاقوں کے تقریباً 150فیڈروں کے ساتھ خصوصی امتیازی سلوک روا رکھ کر تباہی مسلط کردی گئی اور زمینداروں اور بزگروں کے اربوں روپے کے نقصانات کےئے گئے اسی طرح زیارت ، ہرنائی تا لورالائی کی حالت بھی بدتر ہے ۔جبکہ صوبے کے 610فیڈروں سے کوئٹہ کے 83فیڈروں کو نکال کر اس کی حالت زار کا جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے اور اس جائزہ میں اصل صورتحال سامنے آسکتی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے ان علاقوں کی ریکوری بھی صوبے کے ہر علاقے سے زیادہ ہے لیکن متعصب اور نااہل چیف کیسکو اورمتعصب ڈائریکٹر آپریشن کے پشتون دشمنی پر مبنی اقدامات کے باعث ہمارے زمینداروں ،بزرگروں اور عام عوام کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے۔ جبکہ تعصب پر مبنی کیسکو کے مذکورہ بالا دونوں افسروں کے یکطرفہ عوام دشمن اقدامات این ٹی بی سی سے بھی ثابت کیا جاسکتا ہے ۔بیان میں وفاقی وزیر بجلی ، وفاقی سیکرٹری برائے پانی وبجلی اور پیپکو کے ایم ڈی سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ کیسکو کے افیسران کے ان پشتون دشمن عوام دشمن اقدامات کا فوری نوٹس لیکر انکوائری کرکے ملوث افیسران کیخلاف فوری کارروائی کرے اور مذکورہ بالا علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی اور وولٹیج کی حالت درست کرنے کے احکامات جاری کےئے جائیں۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس سنگین صورتحال پر توجہ نہیں دی گئی تو بھرپور احتجاج کیا جائیگا اور حالات کی ذمہ داری متعصب چیف کیسکو اور متعصب آپریشن ڈائریکٹر اور متعلقہ حکام بالا پر عائدہوگی۔