|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2016

اسلام آباد :  آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جس میں 30 جون 2016 کو ختم ہونے والے مالی سال 2015-16کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی ۔ اس مالی سال کے دوران کمپنی کی نیٹ سلیز مبلغ162.866 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ ٹیکس کٹوتی کے بعد کمپنی کا خالص منافع مبلغ 59.970 ارب روپے رہا ۔ جس کے نتیجے میں فی شیئر آمدنی 13.94 روپے رہی ۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2.00روپے فی شیئر عبوری منافع دینے کا اعلان بھی کیا ۔ اس سال مجموعی طور پر 5.20 روپے دیئے جائیں گے ۔ اس طرح منافع کی شرح 52 فیصد رہی ۔ مذکورہ عبوری منافعے کے حقدار ایسے شیئرز ہولڈرز ہونگے جنکے نام ممبران کے رجسٹر میں18 اکتوبر2016 تک موجود ہونگے ۔ مالی سال2015-16 کے دوران او جی ڈی سی ایل نے 20.536 ارب روپے قومی خزانے میں ٹیکس کی مد میں ادا کیے اور کمپنی نے ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں اضافہ کیا ۔ او جی ڈی سی ایل نے سیسمک اور ڈرلنگ کی سرگرمیوں میں بھی شاندار اضافہ کیا ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی انتظامیہ کی طرف سے مالی نظم و ضبط ، منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے اور ایکسپلوریشن میں ریکارڈ اضافہ اور ایچ آر میں اصلاحات لانے کی کوششوں کو سراہا۔