|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2016

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی داخلی وخارجی و ملکی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جاری جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیر اعظم ہاؤس میں آرمی چیف نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور ملک کی داخلی و خارجی سکیورٹی صورت حال اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں پر بریفنگ دی ،وزیر اعظم نے سلامتی کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا ،وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک میں امن کی فضاء لوٹ آئی ہے ہماری اس کامیابی کو عالمی ادارے سراہا ہے ،ہم اس جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے ، آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے مسلح افواج کا کردار شاندار ہے،ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی اہم مشاورت کی گئی اور جنرل اسمبلی سے خطاب ، امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ہونے والی بات چیت کی حکمت عملی بھی طے کی گئی ۔دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، بھارت کا جبر اور بربریت کسی صورت قابل قبول نہیں، عالمی برادری کو بھی اپنی خاموشی توڑنی ہو گی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم نواز شریف نے حریت کانفرنس رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی موجود تھے،ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر بھارت کے ظلم و ستم اور بربریت پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اور حالیہ دنوں میں کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے معاملے کو اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اٹھانے پراتفاق کیا گیا ہے،کشمیری حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم نوازشریف کے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے جذبات کو سراہا اور دورہ امریکہ سے پہلے اعتماد میں لینے پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ پہلے وزیراعظم ہیں جو دورہ امریکہ سے پہلے کشمیر آ کر مشاورت کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکروں گا،مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقات میں بھی مسئلہ کشمیر پربات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی انتہاء ہو چکی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دی جائے، کشمیری انصاف اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری تسلیم کر چکی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی خاموشی توڑنا ہو گی جبکہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں ے مطابق حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے، آج کشمیری اور ہم جذباتی اور غصے میں ہیں تو یہ بجا طور پر درست ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا جبر اور بربریت کسی صورت قابل قبول نہیں، طاقت سے ایسی تحریکوں کو دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں کی تحریک آزادی کاسورج ضرور طلوع ہو گا کیونکہ ظلم کو مٹنا ہے اور حق کی فتح ہونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فوم پر آواز بلند کریں گے اور کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔