کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا ۔پولیس کے مطابق تھانہ صدر کی حدود شہباز ٹاؤن کے فیز تھری میں رہائش پذیر پیر جان ولد امان رضا تاجک کی لاش اس کے جھگی نما گھر سے ملی ۔ اسے سینے میں ایک گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ وقوعہ کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا۔ پولیس نے لاش سول اسپتال منتقل کردی جبکہ مقتول کی اہلیہ کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لے لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر ڈویژن زاہد حسین شاہ نے بتایا کہ پیر جان کو اس کے سالے نے قتل کیا ہے اور اس کے بعد فرار ہوگیا۔ ابتدائی تفتیش میں مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ شوہر اسے مارتا پیٹتا تھا جس پر اس کا بھائی مشتعل تھا۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور مفرور ملزم کی تلاش شروع کردی۔