کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے چالو باؤڑی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افرادنے ویلڈنگ کی دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان مالک پچاس سالہ علی جان ولد جان علی ہزارہ موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔فائرنگ کے بعد پیدل ملزمان کچھ فاصلے پر کھڑے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا اور لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ مقتول علمدار روڈ کے علاقے ناصر آباد کا رہائشی تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ علی جان کے سر اور پیٹ میں دو گولیاں لگی ہیں ۔جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں جنہیں تحویل میں لیکر پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے۔