کوئٹہ: بختیار آباد میں ایف سی اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق سبی کے قریب بختیار آباد ڈومکی کے مقام پر نامعلوم مسلح ڈاکو ؤں نے قومی شاہراہ پر ایک کارکو روکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم کار سوار تیز رفتاری کے باعث کار کو روک نہ سکا اور گاڑی ڈاکو پر چڑھا دی جس وہ شدید زخمی ہوا۔ اس دوران گشت پر مامور ایف سی کے موٹر سائیکل سوار اہلکار موقع پر پہنچ گئے تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ جوابی فائرنگ کے بعد ڈاکو اپنے زخمی ساتھی کو لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکو اپنے ساتھی کو سنی شوران کے ایک قبرستان لے گئے جہاں وہ انہیں دفنانا چاہتے تھے تاہم علاقہ مکینوں نے انہیں روک دیا جس کے بعد ڈاکو اپنے ساتھی کی لاش آزانی رند قبرستان میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ایف سی 115ونگ کے کرنل اشرف نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو شاہراہ پر رکھ کر ویگن کی سواروں نے شناخت کرانے کی کوشش کی تاہم شناخت نہ ہونے پر لاش سبی اسپتال پہنچائی گئی۔ سبی میں لاش کی شناخت سراج ولد لاڈو خان کے نام سے ہوئی ہے جو سنی شوران کا رہائشی تھا۔