|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ میں گیس کے اخراج کے باعث حادثات میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ سریاب کی حدود میں سبزل روڈ پر کلی فیروز آباد میں رہائش پذیر اٹھائیس سالہ ذیشان احمد بھٹی اور اس کی اہلیہ رات کو شدید سردی کے باعث کمرے میں گیس ہیٹر جلتا چھوڑ کر سوگئے۔ رات کے کسی پہر آکسیجن کی کمی کے باعث ہیٹر بند ہوگیا اور گیس کا اخراج ہونے لگا جس کے باعث دم گھٹنے سے ذیشان احمد کی دو سالہ بیٹی نور ایمان اور سات ماہ کا بیٹا انس جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں ذیشان اور اس کی اہلیہ فوزیہ بھی بے ہوش ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال پہنچایا۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ادھر تھانہ سول لائن کی حدود میں جائنٹ روڈ ریلوے کالونی میں ایک گھر یں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا جس سے میاں بیوی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔