|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2017

راولپنڈی:پنجاب بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے آغاز سے اب تک صوبے بھر میں200کومبنگ آپریشن کیے گئے ہیں، افغان باشندوں سمیت 600افراد گرفتار اور4دہشتگرد ہلاک ہوئے، اسلحہ اور جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد پنجاب بھر میں کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے دوران رینجرز نے صوبے بھر میں200سرچ آپریشن کئے ہیں اس دوران افغانیوں سمیت60مشتبہ افراد گرفتار ہوئے، آپریشن کے دوران مشتبہ گھروں، دکانوں اور مدارس کی تلاشی لیے گئی، جبکہ رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں4دہشتگرد ہلاک ہو ئے ہیں، آپریشن ردالفساد کے دوران کروڑ، لیہ اور راولپنڈی سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں کومبنگ آپریشن کئے گئے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے کئی دہشتگرد اور سہولت کار بھی گرفتار ہوئے جبکہ آپریشن کے دوران افغان باشندے بھی گرفتار ہوئے ہیں، جن سے اسلحہ اور جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے،ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کے تحت دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں و جرائم پیشہ عناصر پر زمین تنگ کردی گئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران22افغان باشندوں سمیت 200سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا، افغانستان سے پاکستان بارود سمگل کرنیوالے دو ٹرک ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا،قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں بالخصوص بس سٹینڈز اور سٹاپس سے چار افغانیوں سمیت تقریباً50افراد ک حراست میں لے لیا ۔لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز اور قذافی سٹیڈیم کے قریبی علاقے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پو لیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد کو حراست میں لے لیا کیا ہے۔ اس دوران سٹیڈیم کے راستے سیل کرکے لوگوں کی تلاشی لی گئی ۔ پولیس افسر ناصر باجوہ کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران سات مشکوک افراد کو شناختی دستاویزات نہ ہونے پر حراست میں لے لیا گیا۔سیکورٹی خدشات کے باعث نیشنل کالج آف آرٹس میں ایک ہفتے کی چھٹیاں دے دی گئیں۔ پولیس نے پنجاب یونیورسٹی میں تمام ہوسٹلز خالی کر کے سرچ آپریشن کیا۔ادھر صادق آباد میں پولیس اور سکیورٹی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ۔گرفتار کیے گئے ڈرائیوروں سخی بادشاہ اور رسول نواز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بارود پاکستان لاتے تھے اور پھر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے ٹرک ڈرائیوروں کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ سیالکوٹ سے حاجی پورہ کے علاقے سے10، چنیوٹ سے 24، رحیم یار خان سے 12اور پنڈی بھٹیاں 27اور کندیاں سے 25افرا د کو گرفتار کیا گیا۔ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور تھانہ کوتوالی کی حدود میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران50افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ کراچی میں منگھوپیرکے علاقے پختون آباد اور مشکی پاڑہ میں پولیس نے گھر گھر تلاشی لی اور دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔واضح رہے کہ 252افغان باشندوں کو جن کے پاس دستاویزات مکمل نہیں تھیں ان کو جذبہ خیر سگالی کے تحت افغان فورسز کے حوالے کردیا گیا۔