|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2017

کوئٹہ:محکمہ صحت بلوچستان نے پولیو پر قابو کیلئے صوبے کے 11اضلاع میں الیکٹرانک ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ صوبے میں 2000 کمیونٹی ہیلتھ والنٹیئر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔یہ بات سیکریٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ نے عالمی ادارہ صحت کے ادارہ برائے تدارک پولیو کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر نعمہ سعید عبد سے ملاقات کے دوران بتائی۔اس موقع پر سیکریٹری صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اورا س کے تدارک کے لئے صوبے بھر میں 2000کمیونٹی ہیلتھ والنٹیئر کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ صوبے کے 11اضلاع میں الیکٹرانک ویکسی نیشن شروع کررہا ہے جس سے پولیو کے موذی مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیو کے علاوہ خسرہ کی وباء کا بھی بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کو ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے اور اس حوالے سے بھی ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔