|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2017

سکھر:جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ آف پاکستان مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ عالمی سیاست کیلئے گیم چینجر ہے۔ اس سے نہ صرف دنیا میں امن اور خوشحالی کا دور آئیگا بلکہ اب عالمی سیاست میں بھی بڑی تبدیلیاں آئینگی۔ مستقبل قریب میں عالمی سیاست کا مرکز مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہونے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سادات ہاؤس میں مرکزی میڈیا سیل کے ممبر آغا ایوب شاہ کے ہمراہ کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، مفتی سعود افضل ، مولانا عبدالحق مہر، ابو جنید چوہان، حافظ غلام مصطفی سومرو اور دیگر کثیر تعدا میں کارکن موجود تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ظاہر بات ہے یہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ دشمن قوتوں کو گوارہ نہیں ہو رہا ہے۔ عالمی سیاسی بساط پر قابض سامراجی قوتیں اے سثبوتاژ کرنے کیلئے بڑی سازشیں کر رہی ہیں۔ ہمارا ملک اس وقت تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ ہمیں انتہائی تدبر، ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے اس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں قوم کو اس منصوبہ کی اہمیت اور ممکنہ خطرات سے آگاہ کردیا تھا۔ مگر حکمرانوں نے اس کی طرف توجہ نہ دی اب بھی وقت ہے حکومت دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے اور ہماری مشاورت سے دور اندیش فیصلے کرے۔ مولانا حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیحی ملکی وحدت اور سلامتی ہے۔ ہم اصولوں کے مطابق حکومت کی حمایت اور مخالفت کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مگر امتیازی قوانین اور مذہبی طبقے سے زیادتی برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ مذہب کا نام کاٹ کر ملک دشمن دہشتگردی کے لفظ کو شامل کرنے کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے ؟ انہوں نے سوال کیا کہ فاٹا کے علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی بات کرنے والے امتیازی سلوک کر کے مذہبی جماعتوں کو قومی دھارے سے کاٹنے کی کوشش کیوں اور کس کے اشارہ پر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں انتہائی تدبر اور ذمہ دارانہ سیاست اور باہمی اتفاق اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں حالات اور واقعات کی روشنی میں مطمئن کیا جائے کہ سابقہ پالیسیوں اور آپریشنوں کے کیا نتائج نکلے۔ جذباتی ہونے کے بجائے دلائل سے بات کی جائے تاریخ سے سبق حاصل نہ کر نے والی قومیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے پی پی پی لیڈروں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی کو پی ٹی آئی کی طرح یوٹرن لیکر غیر ذمہ دارانہ سیاست نہیں کرنا چاہیئے اور کسی کو خوش کرنے کیلئے ایسے غلط فیصلہ نہ کرنا چاہیئے جن سے آنے والے دنوں میں اس کو پچھتاوے اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔