|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2017

ہیٹی: شمالی ہیٹی کے شہر گونیاویز میں لاپرواہ ڈرائیور نے پیدل چلنے والوں پر بس چڑھادی جس سے 34 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہیٹی کے شہر گونیاویز کے نواح میں بس ڈرائیور نے پیدل جاتے ہوئے دو آدمیوں پر بس چڑھانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں مقامی ’’رارا پریڈ‘‘ میں شریک درجنوں افراد کو کچل ڈالا۔ ان دونوں واقعات میں مجموعی طور پر 34 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ رارا پریڈ، ہیٹی کی روایتی ریلی ہے جس میں مختلف موسیقار اور بینڈ شریک ہوتے ہیں جو روایتی آلاتِ موسیقی پر دھنیں بجاتے ہوئے ایک جلوس کی شکل میں آگے بڑھتے ہیں۔ عام لوگ بھی لطف اندوز ہونے کےلیے ’رارا پریڈ‘ کے ساتھ چلتے ہیں۔ یہ بس مسافروں کو کیپ ہیٹیئن سے پورٹ آ پرنس لے کر جارہی تھی۔ حادثے میں بچ جانے والے افراد نے بس پر پتھر برسائے اور اسے آگ لگادی۔ مقامی پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کنٹرول کیے اور بس میں سوار مسافروں کو بچانے کے ساتھ ساتھ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا۔