اسلام آباد: اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
وفاقی دارالحکومت سمیت جڑواں شہروں، لاہور، قصور، اٹک اور جہلم سمیت خیبرپختونخوا میں سوات، چترال، مانسہرہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم بعض مقامات پر کچے مکانات گرنے کی اطلاعات ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش ریجن تھا۔