|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2017

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ اب اگر کسی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفی کا مطالبہ کیا تو عوام اسے جوتے ماریں گے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے خلاف سیاسی پرا پیگنڈا کیا اب ہم انہیں عدالتوں میں گھسیٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو تو کوئی 10 روپے بھی نہ دے اور وہ 10 ارب روپے کی بات کر رہے ہیں، عمران خان نے آصف زرداری کے ساتھ بھی ہاتھ ملایا ہے، اب دیکھتے ہیں کون کس کی انگلیاں کاٹتا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو عوامی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے جب بھی کوئی سیاسی جلسہ کرنا ہو گا تو وہ فیصل آباد میں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب اگر کسی نے وزیراعظم سے استعفی کی بات کی تو عوام انہیں جوتے ماریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم پلس ایان علی ’’از ایکول ٹو‘‘ آصف زرداری، کراچی میں پی پی نے دو کلو میٹر سڑک 52 ارب کی بنائی ہے، یہ کیس تو نیب میں جانا چاہیئے۔ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی اگلی حکومت (ن) لیگ کی ہی ہو گی، میرا چلینج ہے تحریک انصاف کے پی کے میں ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کر سکے گی۔