توبہ کاکڑی: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اوراسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانامحمدخان شیرانی نے کہاہے کہ امریکہ اور اس کے حواری دنیا میں اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ دینی مدارس ،علماء کرام اور طلباء کو سمجھتے ہیں اس لئے وہ ان کو ششوں میں جڑاہواہے کہ مذہبی طبقے کو دہشت گرد قراردیاجائے لیکن ان کی یہ کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی ،دینی مدارس اسلام کے قلعے اور اخوت اورمحبت کے سرچشمے ہیں ،ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز توبہ کاکڑی میں مدرسہ عربیہ انوارالقران مین روڈ غاڑہ گئی میں دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولاناعبدالواسع ،رکن قومی اسمبلی مولانا آغامحمد ،رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالمالک کاکڑ،(ر)میجر حاجی محمد دین کاکڑ ،حاجی محمد حنیف کاکڑ ،حافظ لعل محمد ،مولوی لعل محمد،مولوی سلطان محمد شاکر ،مولوی محمد عالم لانگو ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا ،دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اوراسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانامحمد خان شیرانی کاکہناتھاکہ دینی مدارس ،علماء کرام اور اس کے طلباء دین اسلام کی انمول خدمت انجام دے رہے ہیں مدارس سے فارغ ہونے والے طلباء معاشرے میں اہم فرد کی حیثیت رکھتے ہیں اسی لئے تو کفری دنیا اور خاص کر امریکہ کو سب سے زیادہ خطرہ دینی مدارس ،علماء کرام اور اس کے طلباء سے ہیں ،وہ پوری دنیا میں اپنے ناپاک منصوبوں کی تکمیل کیلئے مسلمان دینی طبقے کو دہشت گرد کی روپ میں پیش کرنا چاہتی ہے تاکہ دینی مدارس کی طرف عالمی سطح پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوں اور اس میں جاری درس وتدریس کا عظیم مقصد ختم کیاجاسکے ،انہوں نے کہاکہ ہم امریکہ اور دیگر کفری ریاستوں کے مذہبی طبقے کو دہشت گرد قراردینے کی کوششوں کوبہر صورت ناکام بنائینگے ،مدارس سے فارغ شدہ طلباء زندگی گزارنے کا سلیقہ اور طریقہ جان چکے ہیں اور لوگ انہی کو ہی آئیڈیل مان کر زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ علماء کرام وارث الانبیاء ہے جنہیں مسلمان قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،ہمیں علماء کرام اور طلباء کے ذریعے دین اسلام کے پیغام کو پوری دنیا میں پہنچانا ہے ،انہوں نے کہاکہ علماء کرام اور طلباء پوری انسانیت کو واحد رب کی طرف راغب کرنے کیلئے کام کررہے ہیں ،ہم رب کے علاوہ کسی کے غلام نہیں ہے اور نہ ہی کسی اور کی غلامی کو برداشت کی جائیگی ،انہوں نے کہاکہ اس دنیا میں انسانیت کو صراط مستقیم پر لانے والے دینی مدارس علماء کرام اور اس کے طلباء ہیں ،ان کاکہناتھاکہ مدارس کا تحفظ امت مسلمہ کی اولین ذمہ داری ہے ،انہوں نے فارغ التحصیل طلباء پر زورد یاکہ وہ فرقہ واریت ،دہشت گردی اوردیگر کی نفی کرے اور امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے متحرک ہوں اس سے قبل مدرسہ سے فارغ التحصیل طلباء کی دستار بندی کی گئی ۔