|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2017

کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے رمضان کے مقدس مہینے میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے اور مارکیٹ میں معیاری اشیاء کی سرکاری نرخنامے پر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وہ احترام رمضان کے ضمن میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے سستے بازار لگانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کے لئے قابل رسائی جگہوں کا تعین کیا جائے جہاں عوام کی آمدورفت زیادہ اور آسان ہو۔

اس ضمن میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ رکھنے اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور امن وامان میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اور قانون کی عملدری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔