|

وقتِ اشاعت :   July 21 – 2017

خاران: بلوچستان کے ضلع خاران میں کالعدم تنظیم کے سابق کمانڈر کو ساتھی سمیت گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاران کے علاقے شاپنگ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک سرف گاڑی پر دستی بم پھینکا جس سے گاڑی نقصان پہنچا۔

گاڑی جیسے ہی رُکی موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے گاڑی میں سوار افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے گاڑی میں سوار احمد نواز ساسولی اور اس کا ساتھی رحیم الدین ساسولی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احمد نواز ساسولی کا تعلق پہلے کالعدم علیحدگی پسند مسلح تنظیم سے تھا اور گزشتہ سال پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت ہتھیار پھینک کر خود کو فورسز کے حوالے کردیا تھا۔