|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2017

لاہور میں فیروز پور روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

 فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے پاس دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا بھی دیکھا گیا۔

نمائندہ کے مطابق ریسکیو ذرائع نے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد کے جاں بحق اور 19 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

دھماکے کے فوری بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو جنرل اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نمائندہ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکا ابتدائی طور پر خودکش حملہ لگتا ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ فیروز پور روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

پولیس نے شہریوں کو دھماکے کے مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسی علاقے میں تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا تھا۔

واضح رہےکہ 13 فروری کو بھی پنجاب میں دہشت گردی کی کارروائی ہوئی تھی جس میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوگئے تھے۔

نوٹ: یہ ایک بریکنگ نیوز ہے جس میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔