کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کا علاقائی کمانڈر مارا گیا، دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتارکرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس ادارے اور ایف سی نے خفیہ اطلاع پر کیچ کے علاقے تمپ میں ملک آباد کے مقام پر چھاپہ مارا۔
اس دوران سیکورٹی اہلکاروں اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا۔
ایک عدد تھری ناٹ تھری رائفل بمعہ میگزین اور پانچ کارتوس، ایک عدد تیس بور پستول بمعہ میگزین اور سات عدد کارتوس،ایک عدد لیپ ٹاپ اور نفرت انگیز مواد لٹریچر برآمد کیاگیا۔
کارروائی کے دوران دو مشتبہ افراد عباس اور عبدالطیف کو بھی گرفتار کیاگیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزم کی شناخت کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے کمانڈر ستار عرف فقیر ولد محمد کے نام سے ہوئی ہے ۔