اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے عائشہ گلالئی اور ان کے والد کے موبائل کا فرانزک آڈٹ کرانے کے مطالبہ اور گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی سیاسی زندگی کی آخری سانس لے رہے ہیں وہ عدلیہ اور فوج کو بدنام کریں گے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کو (ن) لیگ پیسے دے کر میرے خلاف استعمال کر رہی ہے ۔عائشہ گلالئی کو غیر مناسب میسجز بھیجنے کا الزام مسترد کرتا ہوں اور الزامات کی تحقیقات کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
عائشہ گلالئی اور ان کے والد کے موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کیا جائے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی سیاسی زندگی کے آخری سانس لے رہے ہیں چوہدری نثار جیسے لوگ سائیڈ پر ہو گئے مفاد پرست لوگ نواز شریف کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہ اکہ نواز شریف اپنا پیسہ بچانے کے لئے زرداری سے رابطہ کریں گے وہ ہندوستان سے بھی مدد لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا کوئی نظریہ نہیں نواز شریف عدلیہ کو بدنام کر رہے ہیں اور فوج کو بھی بدنام کریں گے۔ ہم ان کے خلاف نیب میں ریفرنسز لے جانے کی تیاری کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس سے اب لوگوں کو سمجھ آ گئی ہے۔
شریف برادران نے منی لانڈرنگ کے لئے حدیبیہ اور چوہدری شوگر ملز بنائی ۔ ہم نے ابھی کرپشن کے خلاف جنگ جیتی ہے باقی الزامات رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ہمیشہ دھاندلی سے انتخابات جیتتی رہی ہے این اے 120 میں یہ ہمیشہ کی طرح دھاندلی کریں گے۔
نواز شریف کی سیاسی زندگی ختم ہوچکی، اب عدلیہ وفوج کو بدنام کرینگے، عمران خان
وقتِ اشاعت : August 6 – 2017