اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانی اور کامیابی بے مثال ہے،بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا ،بلوچستان میں دہشت گردی مغربی سرحد کے پار سے ہو رہی ہے ،ملک کیخلاف ہونیوالی ریشہ دوانیوں کو ناکام بنا دیں گے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یہ بات جمعرات کو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریوسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین کثیرجہتی امور زیر بحث آئے ۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانی اور کامیابی بے مثال ہے،بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی مغربی سرحد کے پار سے ہو رہی ہے ،پاکستان کے خلاف ہونے والی ریشہ دوانیوں کو ناکام بنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین پاکستان اور خطے میں امن کے عمل کو مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نیا چہرہ ابھر رہا ہے،ہم دنیا کیساتھ اقتصادی تعلقات چاہتے ہیں ،وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کامیابی سے جاری ہے، پاکستان میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے معیارکو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اپنے کسی شہری کو دوسرے ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
بلوچستان میں دہشتگردی مغربی سرحد کے پار سے ہو رہی ہے ،احسن اقبال
وقتِ اشاعت : September 8 – 2017