کوئٹہ: کوئٹہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے بیٹا جاں بحق جبکہ باپ اور بھائی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ خروٹ آباد کی حدود میں مغربی بائی پاس پر جبل نور بس اڈہ کے قریب دکانوں کی زمین کے تنازع پر دو گروہوں میں لڑائی ہوئی۔
اس دورا ن ایک گروہ کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں مولوی نور اللہ اکا خیل جاں بحق جبکہ اس کا والد مولوی عزت اللہ ، بھائی محیب اللہ اور رشتہ دار شمس اللہ زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کردی گئی۔