|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں صوبے بھر کے 80 فیصد سے زائد پریس کلبز کی بندش اور صوبائی حکومت کی جانب سے اخبارات پر اشتہارات کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں ، اخبار مالکان اور صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کرے ۔

اس وقت بلوچستان کے 80 فیصد پریس کلبز دھمکیاں ملنے کی وجہ سے بند ہیں لیکن صوبائی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی صحافت ذرائع ابلاغ کا ایک اہم ستون ہے جو ہر شخص تک حالات حاضرہ اور معلومات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے لیکن موجودہ حالات میں صحافت کے شعبے سے منسلک افراد کو فاقوں پر مجبور کیا جارہا ہے جس کی پاکستان تحریک انصاف شدید مذمت کرتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا ایک طرف پریس کلبز کی بندش اور دوسری طرف اخبارات پر اشتہارات کی بندش افسوسناک عمل ہے اس طرح کے عمل سے صحافت کے شعبے سے وابستہ 12 ہزار افراد کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے جلد از جلد اس مسئلے کو حل نہیں کیا تو صوبائی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ، صحافیوں ، تاجروں سمیت ہر شعبہ فکر کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد صحافت کی ہمیشہ سے حمایت کرتی ہے اور مشکل کے اس وقت میں ہم بلوچستان یونین آف جرنلسٹ سمیت تمام صحافی برداری کے ساتھ ہیں۔