کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ بیرون ملک بیٹھے افراد دشمن کی ایما ء پر پیسے لیکر بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں، حیربیارمری اور براہمداغ بگٹی شایان شان زندگی گزار رہے ہیں .
اگر بہادر ہیں تو بلوچستان میں آکر جنگ لڑیں جس طرح میرے دادا نواب نوروزخان نے 80 سال کی عمر میں پہاڑوں پر خود جنگ لڑی، ہماری شناخت پاکستان کے ساتھ جڑی ہے ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو معاف نہیں کرینگے، پہاڑوں پر جانے والوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر ہتھیارڈالنے کی تقریب منعقد ہوئی،تقریب کے مہمان خاص وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنننٹ جنرل آصف سلیم باجوہ تھے۔
تقریب کے دوران 77 فراریوں نے ہتھیارڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوئے جنہیں قومی پرچم اور نقد رقم تقسیم کئے گئے ،تقریب میں 313فراریوں نے شرکت کی جس میں دیگر فراریوں کی دوسری قسط کے رقوم کی ادائیگی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے بیرون ملک مقیم حیربیارمری اور براہمداغ بگٹی بہادر نہیں بلکہ بزدل ہیں چند پیسوں کی خاطر دشمن کی ایماء پر یہاں دہشت گردی پھیلارہے ہیں معصوم بلوچوں کو استعمال کرکے انہیں گمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان کے اپنے بچے آکسفورڈ یونیورسٹی میں بہترین تعلیم حاصل کررہے ہیں اور خود عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں مہنگے گاڑیوں اور بنگلوں میں رہائش پذیر ہیں جبکہ یہاں کے غریب عوام کو نام نہاد آزادی کی جنگ میں دھکیل رہے ہیں جس میں انہیں کامیابی نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ حیربیارمری اور براہمداغ بگٹی بلوچستان میں کیوں نہیں آتے میرے دادا نے بلوچوں کے حقوق کیلئے 80 سال کی عمر میں پہاڑوں پر خود کمانڈر کی حیثیت سے جنگ لڑی جبکہ یہ خود باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرینگے اگر جو لوگ پہاڑوں سے اتر کر واپس آنا چاہتے ہیں انہیں سینے سے لگائینگے کیونکہ ہم پاکستانیوں کا دل بہت بڑا ہے ، بلوچوں کو حقوق عزت پاکستان نے دیا ہے آج ہم نے بلوچستان کی خود مختاری کیلئے جوجدوجہد کی اس میں ہم کامیاب ہوئے اور آج بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اس موقع پر فراری کمانڈروں نے کہاکہ ہمیں دھوکہ میں رکھاگیا اور ایک بے مقصد جنگ کی طرف دھکیلا گیا جس کی وجہ سے ہم بہت پیچھے رہ گئے مگر اب ہم قومی دھارے میں شامل ہوکر پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ،خوشحالی وامن کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے۔ ہتھیارڈالنے والے فراریوں کا تعلق کالعدم بلوچ تنظیم بی ایل اے، بی آرے اور بی ایل ایف سے تھا۔