اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نیشنل پارٹی بلوچستان کے سربراہ میر حاصل بزنجو سے لاپتہ افراد کے معاملے پر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے منگل کے روز ایشیائی پارلیمانی اجلاس کے موقع پر نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو سے غیر رسمی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے میر حاصل بزنجو کی نجی ٹی وی پر لاپتہ افراد کے حوالے سے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔ میں نے ذاتی طور پر ٹی وی پروگرام میں آپ کی گفتگو سنی ہے اور اس حوالے سے آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ وہ بھی ان سے متفق ہیں کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ بہت اہم ہے اور اب اس حوالے سے صوبے میں سیاست کرنا مشکل ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے حاصل بزنجو کو جلد ملاقات کی یقین دہانی کرادی ہے۔