|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2018

کوئٹہ:  حکومت بلوچستان آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود پر نہ صرف پختہ یقین رکھتی ہے بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات بھی کررہی ہے۔ صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ سے سیکریٹری اطلاعات محمد طیب لہڑی کی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شہزادہ فرحت احمدزئی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صوبائی مشیر کو محکمہ اطلاعات کے کردار، کارکردگی اور مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا گیا، مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور پریس تعلقات کو درست رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ اطلاعات کے اہم اور حساس کردار کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور محکمہ کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تاہم کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے اور آئین میں اس کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ نظامت تعلقات عامہ میں موثر سوشل میڈیا سیل کو مزید منظم کرنے اور زیادہ سے زیادہ فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عامل صحافیوں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے ، محکمہ کے استعداد کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس مقصدکے لیے آفیسران اور اہلکاروں کو متعلقہ شعبے میں ضروری تربیت کی فراہمی کا انتظام کیا جائیگا۔

صوبائی مشیر نے کہاکہ آج کا دور جدید میڈیا کا دور ہے اور محکمہ اطلاعات کے آفیسران اور اہلکاروں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہل بنانا ضروری ہے ، صوبائی مشیر اطلاعات انوار الحق نے کہا کہ وہ جلد نظامت تعلقات عامہ کا بھی دورہ کریں گے۔