کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ پر پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ انڈسٹریل پولیس کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ جان محمد روڈ پر کوچہ شیر محمد روڈ پر ان کا سامنا موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں سے ہوا ۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ اس دوران گولیاں لگنے سے ایک ملزم کیچی بیگ کے رہائشی غلام علی ولد جمعہ خان زخمی ہوگیا اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ، ملزم سے دو پستول بھی برآمد ہوئے جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر عرفان ولد سید علی سید بھی زخمی ہوا جنہیں چہرے پر ایک گولی لگی۔ دونوں زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم کو تین گولیاں پیٹ، ہاتھ اور پاؤں میں لگی ہیں جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دوسرے ملزم کی تلاش شروع کردی۔